نئی دہلی، 29 جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) نیشنل کانفرنس اورپیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے آرٹیکل 35 اے اور جموں و کشمیر میں اضافی سیکورٹی فورس کی تعیناتی کے حوالے سے ہو رہی بیان بازی پر مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پلٹ وار کیا ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ان لوگوں کو احساس ہو چکا ہے کہ ان کا مینڈیٹ کھسک رہا ہے،لہذا یہ لوگ آرٹیکل 35 اے کو لے کر شورو شرابہ مچا رہے ہیں۔مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ پارٹیاں شورو شرابہ اس لیے نہیں مچا رہی ہیں کہ انہیں آرٹیکل 35 اے کی فکر ہے بلکہ یہ کسی اور بات کو لے کر پریشان ہیں۔دراصل جس طرح سے گورنر راج میں مودی حکومت کی جانب سے ریاست کی کچھ سیاسی جماعتوں اور ان کے لیڈران پر بدعنوانی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی شروع ہوئی ہے،اس سے یہ لوگ ڈرے ہوئے ہیں،انہیں دل ہی دل میں خوف ستا رہا ہے کہ ان کا کیا ہوگا۔مرکزی وزیر جتندر سنگھ نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کی عوام آگے بڑھ چکی ہے۔جموں و کشمیر میں 10 ہزار فوجیوں کی تعیناتی پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا کہنا ہے کہ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ فوجیوں،آرمی اور پیراملٹری کی تعیناتی سیکورٹی ایجنسیوں کی تحقیقات اور ان کی طرف سے کئے گئے جائزے کی بنیاد پر ہوتی ہے،اسے سیاسی مسئلہ نہیں بنانا چاہیے،جو لوگ اس مسئلے پر شورو شرابہ مچا رہے ہیں، انہیں واقعی کچھ اور فکر ہے۔غور طلب ہے کہ اتوار کو پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ وہ آرٹیکل 35 اے کی حفاظت کے لئے جیل جانے کو تیار ہیں، جو اس ریاست کو خصوصی درجہ دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کوئی بھی جو آرٹیکل 35 اے میں تبدیلی کی کوشش کر رہا ہے، وہ بارود سے کھیل رہا ہے،اس کے تباہ کن نتائج ہوں گے، جسے کوئی کنٹرول کرنے کے قابل نہیں ہو گا۔